اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سمندر اور سمندر سے باہر تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پٹرولیم کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے تاکہ توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے ایک علاقائی برآمد کنندہ میں تبدیل کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے،نگران وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس اور سکیورٹی میں تلاش اور پیداوار کی کوششوں کو تقویت دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)اور وفاقی وزارت توانائی کو قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کو ہموار کرکے سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کو سراہا۔