• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلے ثبوت ہیں کہ اصل چور کون ہے، مریم اورنگزیب

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی کی سزا پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چور ہمیشہ شور مچاتا ہے، فیصلے ثبوت ہیں کہ اصل چور کون ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اونگزیب نے کہا کہ آپ سمجھتے تھے آپ نے چور بازاری کا جو بازار گرم کر رکھا تھا یہ سب کچھ آپ کو معاف کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملکی معیشت سنوارتے رہے اور یہ چوریاں کرتے رہے، انہوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کے پیسے پر ڈاکے ڈالے، نواز شریف کو تمام الزامات سے بین الاقوامی ایجنسیوں نے بری کیا۔

مریم اونگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ایک ایک روپیہ امانت سمجھ کر استعمال کیا، یہی نظام تھا یہی بیورو کریسی تھی لیکن اوپر چور نہیں تھا، ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ہم تو جب آتے ہیں ٹھیک کر کے جاتے ہیں، مہنگائی کم کر کے جاتے ہیں، دوبارہ مہنگائی کم کریں گے، نوجوان کو روزگار دیں گے۔

ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ دوبارہ سے پاکستان کے اچھے دن واپس آئیں گے، اگر ملک سے مہنگائی ختم کرنا چاہتے ہیں تو نواز شریف کو لانا ہو گا، فیصلہ پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، اپنے منشور میں تمام طریقہ بتایا ہے جس سے پاکستان کے اچھے دن واپس لائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں ایک غلام بٹھایا ہوا تھا، چور اصل میں وہ خود تھے، انٹرنیشنل سند یافتہ چور تھے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سب کے سامنے عیاں ہے، جنہوں نے چوری نہیں کی ہوتی وہ اپنی تین تین نسلوں کا جواب دیتے ہیں، جب ان سے جواب مانگو تو توڑ پھوڑ کرتے ہیں حملے کرتے ہیں، انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک کرا لیتے تو تحریک انصاف کے پاس ان کا نشان ہوتا۔

قومی خبریں سے مزید