آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: ایک شخص میرے ساتھ مل کر کاروبار کرناچاہتا ہے اور وہ سارا پیسہ لگانا چاہتا ہے، وہ مجھے ساری مشینری لےکر دےگا ، لیکن وقت دینے سے قاصر ہے، مجھے اس کے ساتھ کس طرح کام کرنا چاہیے؟ اور نفع ،نقصان کاکیا حکم ہوگا؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں ایک شخص کی مشینری ہو اور دوسراشخص اس کے ذریعے مال تیار کرکے آگے فروخت کرے اور نفع ،نقصان میں شرکت کی جائے تو ایسا کرنا شرعاً درست نہیں ہے، اس کی جائز صورت یہ ہے کہ آپ یہ مشینیں اس کے مالک سے کرایے پر حاصل کرلیں اور اس کی ماہانہ اجرت طے کرلیں، کرایہ دینے کے بعد نفع آپ کا ہوگااور نقصان بھی سارا آپ کا ہوگا، مشینیں کرائے پر دینے والا کاروبار کے نقصان میں شریک نہیں ہوگا۔
اور اگر صورت یہ ہے کہ ان مشینوں پر کام نہیں کیا جائے گا ، بلکہ ان ہی کو فروخت کیا جائے گا، یعنی یہ مشینیں ہی مالِ تجارت ہیں، تب بھی یہ معاملہ درست نہیں ہے، ایسی صورت میں جواز کے لیے ضروری ہے کہ وہ شخص آدھی مشینیں آپ کو فروخت کردے اگرچہ ادھار میں ہو،اور ان مشینوں کو فروخت کرکے نفع آدھا آدھا تقسیم کرلیا جائے، ایسی صورت میں نقصان میں بھی دونوں شریک ہوں گے۔