• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر قالین ایک طرف سے ناپاک ہو تو پاک حصے پر نماز پڑھنے کا حکم

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: نماز پڑھنے کے لیے اگر نیچے موجود قالین ناپاک ہو تو نماز ہوسکتی ہے؟ یا اگر قالین کے دوسرے حصے میں ناپاکی ہو یا آپ کو شک ہے کہ قالین ناپاک ہے تو اس کا کیا حکم ہے؟

جواب:1.قالین کے جس حصے پر نماز پڑھی جا رہی ہو اگر وہ ناپاک ہے تو اس جگہ نماز پڑھنا درست نہیں۔

2.قالین کے جس حصے پر نماز پڑھی جا رہی ہو اگر وہ حصہ پاک ہو، تاہم قالین دوسری جگہ سے ناپاک ہو تو پاک طرف پر نماز پڑھنے سے نماز درست ہو گی۔

3.قالین کے جس حصہ پر نماز پڑھی جا رہی ہو اگر وہ حصہ ناپاک ہو، لیکن اس کے اوپر موٹا کپڑا بچھا دیا جائے، یا جائے نماز بچھا لیا جائے تو اس کے اوپر نماز پڑھنا درست ہوگا۔

4.قالین کے جس حصے کے ناپاک ہونے کا محض شک ہو تو اس شک کا کوئی اعتبار نہیں، وہاں نماز پڑھنا درست ہو گا، لیکن اگر محض شک نہ ہو بلکہ اس جگہ کے ناپاک ہونے کا غالب گمان ہو تو ایسی صورت میں اس کو ناپاک تصور کیا جائے گا اور وہاں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ نماز میں زمین کے جس جس حصے پر نمازی کے اعضاء زمین سے لگتے ہیں زمین کے ان حصوں کا پاک ہونا ضروری ہے، اگر قالین کے یہ حصے پاک ہوں اور اس کے علاوہ ناپاک ہوں تو بھی وہاں نماز پڑھنے سے نماز درست ہو جائے گی۔