مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ نہ کسی کو پچاس لاکھ مکان ملے، نہ ایک کروڑ نوکریاں، پھر کہتے ہیں نوجوان ہمارے ساتھ ہیں۔
نواز شریف نے فیصل آباد جلسے میں تحریک انصاف پر خوب وار کیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان تو مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، ہمارے مخالفین جب دھرنے کررہے تھے تب ہم دہشت گردی ختم کررہے تھے، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو مجمع میں موجود کوئی بے روزگارنہیں ہوتا۔
نواز شریف نے شہباز شریف کو اگلے پانچ سال میں فیصل آباد سے بے روزگاری ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممی ڈیڈی والے نہیں، اصل یوتھ نواز شریف کے ساتھ ہے، یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ میرے پاس ان جذبات اور خلوص کیلئے شکریہ کے الفاظ نہیں، بس یہی کہوں گا زندہ باد فیصل آباد، شہباز شریف نے آپ کو میٹرو بس پر ٹرخا دیا ہے، یہاں میٹرو بس نہیں اورنج لائن بھی ہونا چاہیے، سارا مجمع فیصل آباد میں اورنج لائن دیکھنا چاہتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہیے، 50 لاکھ والا روزگار نہیں، کسی کو نوکری نہیں ملی، کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، کسی کو نوکری ملی؟ شہباز شریف صاحب یہاں 5 سال بعد کوئی بیروزگار نظر نہیں آنا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ فیصل آباد کے دائیں اور بائیں جانب موٹر وے ہیں، آپ کو کتنی موٹر ویز چاہئیں، آپ نہیں بھی بتاؤ گے تب بھی میں نےموٹر ویز بنانی ہیں، ہم جو بات کرتے ہیں وہ پورا کرنا جانتے ہیں۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دوست چوہدری شیر علی نظر نہیں آ رہا، چوہدری شیر علی ہوتے ہیں تو بڑی رونق ہوتی ہے، آپ نے چوہدری شیر علی کی لاج رکھنی ہے، طلال چوہدری یہاں بیٹھے ہیں، وفاداری کی مثال ہیں، رانا ثناء اللّٰہ میرا بہترین دوست ا ور وفادار ہے، یہ سارے میرے بہت پرانے دوست ہیں۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ انشاء اللّٰہ وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی تھی، چینی، آٹا اور پیٹرول سستا تھا، سبزیاں 10 روپے کلو تھی، وہ دھرنے کر رہے تھے ہم لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر رہے تھے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا، غریب کو بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنے کی فکر نہیں تھی، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو مجمع میں موجود کوئی بیروزگار نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مبارک ہو 8 فروری کو آپ جیتیں گے، ہم وہ لوگ نہیں جو کہیں 50 لاکھ گھر بنائیں گے، کسی کو گھر ملا؟ ہم سچی کھری بات کرتے ہیں جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔