• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی عمل میں گڑ بڑ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی: آئی جی پنجاب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور نے عام انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات پر کہا ہے کہ الیکشن کے پرُامن انعقاد کے لیے پنجاب پولیس تیار ہے۔

ایک بیان میں آئی جی عثمان انور نے کہا کہ انتخابی عمل میں گڑ بڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، قانون ہاتھ میں لینے یا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آہنی ہاتھ سے نمٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی قطعی اجازت نہیں، پنجاب پولیس نے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ فیئر اینڈ فری الیکشن کے بعد ایک منتخب جمہوری حکومت ملک کو آگے لے کر چلے گی، قومی اداروں کے ساتھ مل کر الیکشن کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھیں گے۔

پولنگ ڈے پر غیرقانونی حرکت پر فوری کارروائی کی ہدایت

دوسری جانب سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے انتخابی مہم اور پولنگ ڈے پر پولیس کو غیرقانونی حرکت پر فوری کارروائی کی ہدایت دے دی۔

ایک بیان میں سربراہ لاہور پولیس نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں فول پروف سیکیورٹی لاہور پولیس کی بنیادی ذمے داری ہے، پرانی دشمنی والے حساس حلقوں کے افراد سے شیورٹی بانڈ لیےجائیں۔

انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر کڑی نظر رکھی جائے، انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر ایکشن ہو گا، غفلت پر محکمانہ کارروائی ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید