• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کو وزیراعظم بننا ہے تو انہیں کراچی بہتر کرنا پڑے گا، شاہزیب خانزادہ

معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بننا ہے تو انہیں کراچی بہتر کرنا پڑے گا، آپ کو بتانا پڑے گا کہ ہم 15 سال حکومت میں یہ کام کرکے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنزلی کی وجہ گورننس ہے، جو انہوں نے اچھی نہیں کی ۔

جیو نیوز پر الیکشن 2024 سے متعلق خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کراؤڈ اپنے گرد جمع کرنے میں ضرور کامیاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اینٹی اور پرو اسٹیبلشمنٹ ہوتی رہی ہے، ایسا ہی 15 برس میں پی ٹی آئی نے بھی کیا، 2018ء میں عمران خان بالکل گود میں بیٹھ گئے تھے۔

معروف صحافی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئینی طور پر اچھا کام کیا، 18ویں ترمیم کی، لیکن یہ لوڈشیڈنگ چھوڑ کر گئے اور معیشت کے حالات اچھے نہیں چھوڑ کر گئے، دہشت گردی پر وہ کام نہیں کیا جس طرح وعدہ کرکے آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی زیادہ بہتر حالت میں ہونا چاہیے تھا اور بلاول بھٹو زرداری کے پاس یہ سلوگن ہونا چاہیے تھا جب وہ پنجاب میں انٹری دے رہے تھے کہ میں لاہور کو کراچی جیسا کردوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بننا ہے تو انہیں کراچی بہتر کرنا پڑے گا، آپ کو بتانا پڑے گا کہ ہم 15 سال حکومت میں یہ کام کرکے آرہے ہیں، جو سلوگن ان کے پاس نہیں ہے، انہیں لاہور میں یہ طعنہ سننا پڑ گیا کہ یہاں پانی ٹینکر سے نہیں لائن سے آتا ہے۔

معروف صحافی نے کہا کہ کراچی کے معاملے میں ظاہر ہے ایم کیو ایم بالکل بری الذمہ نہیں، وہ ان ہی پارٹیز کے ساتھ رہی ہے، شہر میں آخری ڈیولپمنٹ مصطفیٰ کمال کے دور میں ہوئی، لوگ ایم کیو ایم سے بیزار آگئے تھے تو انہوں نے 2018ء میں پی ٹی آئی کو چن لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بنیاد ہے، انہیں پنجاب میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، پی ٹی آئی مضبوط ووٹر کہیں نہیں گیا ویسے ہی جیسا 2018ء سے 2 سال پہلے کثیر مہم سازی کے باوجود ن لیگ نے کروڑوں ووٹ لیے تھے کیونکہ ان کی بنیاد موجود ہے۔

شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ یہ ڈر رہے تھے کہ 16 ماہ کی حکومت سے نکلیں گے یا نہیں، میاں صاحب جلاوطن تھے، آخری 6 ماہ میں ایسا لگ رہا تھا، ان کا انتخابی مہم چلانے کا موڈ نہیں ہے لیکن نواز شریف کراؤڈ جمع کرانے میں کامیاب ضرور ہوگئے ہیں۔

Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates

قومی خبریں سے مزید