بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک شخص نے گرل فرینڈ کو ارینج میرج کی حمایت کرنے پر کلہاڑی کا وار کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ جمعرات کے روز تلنگانہ کے نرمل ضلع میں پیش آیا جہاں بوائے فرینڈ نے اپنی گرل فرینڈ کے ارینج میرج کی حمایت کرنے پر ناراض ہوتے ہوئے اُس کی بہن کے سامنے کلہاڑیوں کے وار سے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نرمل کا رہائشی اپنی گرل فرینڈ کے خود سے کترانے پر پہلے سے ہی نالاں تھا، بوائے فرینڈ نے بھانپ لیا تھا کہ اُس کی گرل فرینڈ گھر والوں کی پسند سے ارینج میرج کرنے کی خواہاں ہے۔
میڈیا کا بتانا ہے کہ الیکھیا نامی لڑکی، مقتولہ جمعرات کی دوپہر تقریباً 1.30 بجے ٹیلرنگ انسٹیٹیوٹ سے اپنی بہن کے ساتھ گھر واپس جا رہی تھی کہ اس کے بوائے فرینڈ جوکانتی سری کانت نے اس پر کلہاڑی سے حملہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں الیکھیا کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ اس کی بہن اس حملے میں زخمی ہوئی، ملزم سری کانت حملے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا اور تاحال فرار ہے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق یہ جوڑی لمبے عرصے سے ایک رشتے میں تھی لیکن جب الیکھیا کے خاندان نے اس کی شادی کا منصوبہ بنایا تو اِس نے جوکانتی سے گریز کرنا شروع کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔