پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کےلیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کمنٹیٹر کی حیثیت سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ اسٹار کرکٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد 42 سالہ مائیکل کلارک ایک فعال براڈ کاسٹر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی کمنٹیٹر کے روسٹر میں خوبصورت انداز بیاں کے مالک این بشپ بھی پینل کا حصہ ہیں، ان کے ساتھ ڈینی موریسن، سائمن ڈول، پومی ایم بنگوا، مارک بوچر، ڈومینک کارک اور مائیک ہیزمین بھی تبصرے کرتے سنائی دیں گے۔
این بشپ 2017 کے سیزن کے بعد دوسری بار ایچ بی ایل میں واپس آئیں گے، موریسن مقامی شائقین میں ایک جانا پہچانا نام ہے اور ٹورنامنٹ میں ایک باقاعدہ آواز ہے جبکہ ڈول نہ صرف پی ایس ایل بلکہ مختلف بین الاقوامی سیریز کےلیے بھی پاکستان کے دورے کر چکے ہیں۔
ایم بنگوا 2022 ایڈیشن کے بعد دوبارہ یہاں آرہے ہیں۔ بوچر، کارک اور ہیزمین بھی پی ایس ایل کے معروف نام ہیں اور وہ اپنی کمنٹری سے ٹورنامنٹ کو چار چاند لگانے کےلیے تیار ہیں۔
پاکستانی کمنٹیٹرز میں رمیز راجہ، وقار یونس، بازید خان اور عامر سہیل کے ساتھ عروج ممتاز، ثنا میر اور مرینہ اقبال شامل ہیں۔ طارق سعید اور علی یونس اس ایکشن کو اردو میں بیان کریں گے۔
پی ایس ایل 9 کے دوران ایرن ہالینڈ اور زینب عباس پریزنٹر ہوں گی۔
پی ایس ایل پروڈکشن اس سیزن میں بھی نشریات کے اپنے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ بُگی کیم سمیت کل 30 ہائی ڈیفینیشن کیمرے دنیا بھر میں پی ایس ایل کے شائقین کے لیے اعلیٰ معیار کا ایکشن فراہم کریں گے۔
اسپائیڈر کیم نہ صرف ٹی وی شائقین کے لیے بہترین زاویے لائے گا بلکہ اسے مائیکروفون اور اسپیکر کی بہتری کے ساتھ بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ میچوں کے دوران فیلڈ میں کھلاڑیوں کے انٹرویوز بھی ہو سکیں۔
ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی پورے ایونٹ میں دستیاب ہوگی جبکہ اسٹریمنگ کے معیار میں اضافہ کرنے کےلیے ڈرون کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔
شائقین کو میچوں کے دوران اسکرین گرافکس میں تبدیلی نظر آئے گی جس میں آگمنٹڈ رئیلٹی گرافکس اور پلیئر ویڈیو ہیڈ شاٹس شامل ہیں۔