اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی گفتگو نے ان پر سے زہد و تقویٰ کا لبادہ ہٹا دیا ہے، اسحاق ڈار نے ثابت کیا کہ ان کی شائستگی کا ان کے باطن سے کوئی تعلق نہیں ، وزیر اعظم کے سمدھی اور قابل بھروسہ درباری ہونے کے علاوہ اسحاق ڈار کی کوئی اہلیت نہیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالت میں خود اپنے اور نواز شریف کے کرتوتوں کی داستان بیان حلفی کی صورت میں داخل کر چکے ہیں۔ اسحاق ڈار کی اتنی حیثیت نہیں کہ نواز شریف انہیں اپنی صاحبزادی پر فوقیت دے سکیں۔ پاکستان کو مقروض بنانا اور شریف خاندان کیلئے لوٹ مار کرکے دولت باہر منتقل کرنا ڈار کی نوکری کا بڑا مقصد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسحاق ڈار قومی دولت لوٹ کر باہر منتقل کرنے پر قوم سے معافی مانگیں اور چوری شدہ دولت فوری طور پر قومی خزانے میں لوٹانے کا انتظام کریں۔