الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ یا الیکشن کمیشن پر کمشنر راولپنڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کر دی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کسی عہدے دار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر آر او، ڈی آر او یا پریذائیڈنگ آفیسر نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کمشنر کا الیکشن کے کنڈکٹ میں کوئی براہِ راست کردار نہیں ہوتا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کرائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ تردید کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہونے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔