مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جعلی فارم 45 کے بعد پیش خدمت ہے یورپی یونین کا جعلی پریس ریلیز، جعلی فارم 45 پر یورپی یونین کو خود تردید کرنا پڑی۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور دنیا کو پتہ چل گیا ہوگا یہ کتنے بڑے جھوٹے اور جعلساز ہیں، برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کو بھی اتوار کو پی ٹی آئی کے جھوٹ پر تردید جاری کرنی پڑی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے الزامات پر چین کو تردید کرنا پڑی تھی، جو اپنے سیاسی مفاد کے لیے پاکستان کی عالمی رسوائی کرانے سے بھی باز نہیں آتے، پاکستان اور اداروں کے لیے عالمی جعلساز اور جھوٹا فتنہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ 9 مئی سمیت ہر موقع پر پاکستان اور اداروں پر حملہ کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنےکی دعوت دی گئی، ملکی حساس راز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے ملک کی خارجہ پالیسی پر حملہ کیا گیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا ہے کہ یہ ملک کا معاشی دیوالیہ، سیاسی دیوالیہ اور معاشرتی دیوالیہ کے ذمے دار ہیں۔ یہ جعلی فارم 45، جعلی پریس ریلیز اور امریکا سے مداخلت کی منتیں کر کے ملک کی جمہوریت پر حملہ آور ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جمہوری اور سیاسی ساکھ کی حالت یہ ہے کہ پاکستان کی کوئی جماعت ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔