الیکشن کمیشن نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی چھان بین کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر غور و خوض کیا گیا جبکہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی چھان بین کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کمیٹی کی صدارت سینئر ممبر الیکشن کمیشن کریں گے، کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے بیانات ریکارڈ کرے گی، کمیٹی 3 دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کمشنر راولپنڈی کے خلاف دیگر قانونی چارہ جوئی کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں کمیشن کے اراکین شریک ہوئے، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔