• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر راولپنڈی کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ کل بتاتے: ملک احمد خان

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے کمشنر راولپنڈی کا کوئی تعلق نہیں تھا، ان کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ کل بتاتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا الیکشن پروسس سے کوئی تعلق نہیں، کمشنر راولپنڈی نہ ڈی آر او ہیں نہ ان کی کوئی پوزیشن تھی، کمشنر راولپنڈی نے بغیر ثبوت بات کر دی، ڈی آر او، آر او الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتے ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ 9 مئی سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا گیا، یہ پاکستان کے ساتھ بدترین زیادتی ہے، یہ پاکستان کی سیاست، معیشت اور افواجِ پاکستان کے خلاف سازش تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کمپین چلائی جا رہی ہے، جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلا سبب نہیں ہے، یہ اسی سازش کی کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی تاریخ ہے کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتی، 35 پنکچر کی بات کی جاتی تھی، الیکشن کمیشن کے افضل خان سے جھوٹی کہانی منسوب کی گئی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ مختلف ڈی آر او اور ان کے بچوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں، 9 مئی کو بھی افواجِ پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے اس انتشاری رویے سے بالکل باز نہیں آ رہے، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جس ملٹری انسٹالیشن پر حملے کروائے گئے، ایمبولینسز اور بینک بھی جلائے گئے، دوبارہ سے صورتِ حال خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، یہ بھی اس سازش کی ایک کڑی ہے، ریاست کے خلاف سیاست ہم یہ سازش دیکھ چکے ہیں، عمر عطاء بندیال کے خلاف بھی انہوں نے اس وقت مہم چلائی تھی، 9 مئی سے پہلے بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف وارنٹ آ رہے تھے، وارنٹ لے کر ان کی رہائش گاہ جاتے تو وہاں جتھے بٹھا دیے گئے۔

ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ یہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، یہ ملک میں آگ لگانے کے منصوبے کی کڑی ہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت پر مبنی مواد بیچ رہے ہیں، حکومت سےمطالبہ ہے کہ ان لوگوں کی سرکوبی کریں، انہیں روکیں، ان کو روکیں ورنہ یہ ریاست پاکستان کا بڑا نقصان کریں گے۔

علاوہ ازیں پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو جھوٹا بیانیہ بنانے کے لیے غلط استعمال کیا گیا، ان لوگوں نے ملکی مفاد کو داؤ پر لگایا، سائفر لہرایا۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، جہاں آپ کو شکست ہوئی ہے اسے تسلیم کریں۔

قومی خبریں سے مزید