• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوبارہ انتخابات کی طرف نہیں جائیں گے، فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کریں، اسد قیصر

اسد قیصر : فوٹو فائل
اسد قیصر : فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی کہی گئی بات پر چیف جسٹس جوڈیشل تحقیقات کریں، ہم کسی بھی صورت دوبارہ انتخابات کی طرف نہیں جائیں گے۔

صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ دوبارہ انتخابات کی طرف نہیں جائیں گے، فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کریں۔ ملک بحرانوں کا شکار ہے، ایک اور ڈرامہ کرکے دوبارہ الیکشن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہم دھاندلی کے خلاف قانونی جنگ بھی لڑیں گے اور عوام میں بھی جائیں گے، کل سپریم کورٹ میں حالیہ الیکشن میں دھاندلی سے متعلق کیس لگا ہوا ہے، ہمارے تحفظات ہیں الیکشن میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین الیکشن ہوئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق جو کامیاب ہوئے ان کے نتائج کا اعلان کیا جائے، فارم 45 کے مطابق عوام کا مینڈیٹ عوام کو دیا جائے۔

اسد قیصر نے کہا کہ یہ عوام کا اختیار ہے کہ کس کو اپنا نمائندہ بناتے ہیں، ہم نے ووٹوں کی ایسی چوری اور سینہ زوری نہیں دیکھی تھی، عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے، کوئی بھی ہم سے یہ مینڈیٹ چوری نہیں کر سکتا۔

قومی خبریں سے مزید