وزارت خزانہ نے 17 اگست 2023 سے 31 جنوری 2024 تک نگراں حکومت کی جانب سے لیے گئے مقامی قرضوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نگراں دور حکومت میں 19 ہزار 830 ارب روپے کا ڈومیسٹک قرض لیا گیا۔ یکم فروری تا 16 اگست 2023 کی مدت میں 19 ہزار 862 ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔
نگراں دور میں 17 ہزار 934 ارب روپے کا مقامی قرض واپس کیا گیا، گزشتہ اسی مدت میں 14 ہزار 31 ارب روپے قرض واپس کیا گیا تھا۔
نگراں دور میں مقامی قرض کا نیٹ فلو 1796 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مدت میں نیٹ فلو 5 ہزار 831 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ اسی مدت کے مقابلے قرضوں میں 67 فیصد کمی ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نگراں حکومت کو 22 فیصد کا پالیسی ریٹ ورثے میں ملا، گزشتہ مدت کے دوران پالیسی ریٹ کی اوسط شرح 19.5 فیصد تھی۔
نگراں حکومت نے مقامی قرض کی پروفائل بہتر کرنے کے اقدامات کیے۔ نگراں دور میں ٹریژری بلز کا حجم 1.6 ٹریلین روپے تک آگیا، سابقہ مدت میں ٹریژری بل کا حجم 3.3 ٹریلین روپے تھا۔ حجم کم ہونے سے حکومتی مالیاتی ضروریات کم کرنے میں مدد ملی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نگراں حکومت نے 3.9 ارب ڈالر کا بیرونی قرض لیا، سابقہ مدت میں 8.4 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض لیا گیا۔
نگراں حکومت نے 3.6 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض واپس کیا، سابقہ مدت میں 5.4 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض واپس کیا گیا۔