پشاور(نیوزڈیسک ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے ضلع چترال اور صوبہ کے دیگرمختلف علاقوں میں شدید بارشوں اورسیلابی ریلوںکی بدولت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کی تباہی پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرانتہائی دکھ ہوا اور ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس اندوہناک گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے بارشوں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے لہٰذا حکومت متاثرہ خاندانوں کی داد رسی اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انھوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں اور شدید بارش کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں جس پر دلی رنج و غم اور دکھ ہوا۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل دادرسی کی جائے اور ان کی فوری بحالی اور امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔انھوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔