کراچی کے علاقے نیو کراچی میں 2 روز قبل سیاسی جماعتوں کے جھگڑے میں زخمی ہونے والا بچہ عبدالرحمان انتقال کرگیا، تاہم واقعے کے بعد اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
نیو کراچی سیکٹر 11جے میں دو سیاسی جماعتوں کے مبینہ تصادم کے واقعے کے بعد اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، واقعے میں زخمی ہونے والا 11 سال کا بچہ عبدالرحمان جناح اسپتال میں آج دم توڑ گیا، گولی بچے کے سر میں لگی تھی۔
تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے پر دو مقدمات درج ہونے کے بعد بھی تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، مقدمات میں نامزد دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان فرار ہیں، مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز مقتول بچے کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں ایم کیو ایم پاکستان کے مبینہ کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق دوسرا مقدمہ ایم کیوایم عہدیدار کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں پیپلز پارٹی کے مبینہ 6 کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔