انسان جب بھی سفر کا ارادہ کرتا ہے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے جہاز یا ٹرین کا ٹکٹ مناسب داموں پر مل جائے۔
انسان جب بھی سفر کا ارادہ کرتا ہے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے جہاز یا ٹرین کا ٹکٹ مناسب داموں پر مل جائے۔
اس لیے اکثر ہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ انسان کسی بھی جگہ سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اسے ٹکٹ ہمیشہ وقت سے پہلے خرید لینا چاہیے، اس طرح پیسوں کی کافی بچت کی جا سکتی ہے۔
یہاں کچھ ایسی تجاویز پر نظر ڈال لیتے ہیں جن پر عمل کرنے سے جہاز کا ٹکٹ کم سے کم داموں پر خریدا جا سکتا ہے۔
جب بھی جہاز کے سستے ٹکٹ کی تلاش ہو تو اپنے سفر کی منصوبہ بندی ان تاریخوں میں کریں جب جہازوں میں زیادہ بھیڑ ہونے کا امکان نہ ہو۔
لیکن اگر کسی مجبوری کے تحت ایسے دنوں میں ہی سفر کرنا ہو جب جہازوں میں بہت زیادہ بھیڑ ہو جیسے کہ سردیوں، گرمیوں یا عید کی چھٹیوں میں تو کوشش کریں کہ اپنے ٹکٹس 6 سے 7 ماہ پہلے ہی بُک کروا لیں کیونکہ اس طرح سے جہاز کے ٹکٹس کم قیمت میں ملنے کے زیادہ امکانات ہیں۔
علاوہ ازیں، جب معمول کے دنوں میں کہیں سفر کرنا ہو تو 2 ماہ پہلے اپنے ٹکٹس بُک کروا لیں۔
اگر کسی بھی وجہ سے وقت سے پہلے جہاز کے ٹکٹس کی بکنگ کروانا ممکن نہیں ہے تو سیاحت سے وابستہ ماہرین 21 دن کے اصول پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں یعنی جس دن سفر کرنا ہے کم از کم اس دن سے21 دن پہلے ٹکٹ بک کروا لیں کیونکہ مختلف اعداد و شمار کے مطابق تمام ائیر لائنز اس آخری تاریخ کے بعد اپنی قیمتیں بڑھا دیتی ہیں۔
عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ منگل اور بدھ کے دن جہاز کے ٹکٹس ہفتے کے باقی دنوں کے مقابلے میں کم مہنگے ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ، صبح کے وقت روانہ ہونے والی پروازیں بھی نسبتاََ سستی ہوتی ہیں کیونکہ اس وقت سفر کرنے والوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔