• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری مخصوص نشستیں ن لیگ، پی پی ہڑپ کرنا چاہتی ہیں، سینیٹر علی ظفر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی ہماری مخصوص نشستیں ہڑپ کرنا چاہتی ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران علی ظفر نے کہا کہ جہاں الیکشن ہوا وہاں نوٹیفکیشن ہوگا توقومی اسمبلی قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عارف علوی نے اجلاس بلانے سے ابھی تک انکار نہیں کیا، پرانے اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ آئین میں گنجائش نہیں کہ اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر بلائیں، صدر مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعظم کوخط لکھا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ صدر نے خط میں لکھا ہے کہ وہ اجلاس بلانے کےلیے تیار ہیں مگر پہلے آئین کے مطابق اسمبلی مکمل ہوجائے۔

علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ جہاں الیکشن ہوا وہاں نوٹیفکیشن ہوگا تو قومی اسمبلی قائم ہوگی، عارف علوی نے خط میں لکھا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستیں اور اقلیتوں کی بہت ساری نشستیں نوٹیفائی نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر نےخط میں لکھا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتوں کی نشستوں کو نوٹیفائی کردیں اجلاس بلالیتا ہوں۔

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کا درست اور آئینی موقف ہے، یہ کہنا کہ عارف علوی آئین کی خلاف ورزی کررہےہیں غلط بات ہے۔

قومی خبریں سے مزید