• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توہینِ عدالت کیس: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا

اسلام آباد ہائی کورٹ—فائل فوٹو
اسلام آباد ہائی کورٹ—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مار گلہ کو 2 ماہ قید اور 1، 1 لاکھ روپے جرمانوں کی سزا سنا دی۔

عدالتِ عالیہ نے سزاؤں کو ایک ماہ کے لیے معطل کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا موقع بھی دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ وزیرِ اعظم تحقیقات کرائیں کہ کیا ڈپٹی کمشنرز نے کسی غیر قانونی حکم کی بنیاد پر ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے استعمال کیا؟

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 3 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ناصر منظور کو 2 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے ایس پی فاروق بٹر کے خلاف توہینِ عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا۔

عدالت نے سزائیں مختصر ہونے پر 30 روز کے لیے معطل کر دیں اور ڈویژن بینچ کے سامنے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا موقع دیا۔

عدالت نے کہا کہ اگر اپیل میں سزا معطل نہ ہوئی تو 30 روز مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل بھجوایا جائے۔

عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیرِ اعظم کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات کی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ کیا ایم پی او کے تحت نظر بندی کے احکامات کے لیے کوئی پالیسی موجود تھی؟ کیا ایم پی او آرڈرز آئین، قانون اور عدالتی احکامات کے خلاف منظم انداز میں جاری کیے گئے؟ وزیرِ اعظم تحقیقات کرائیں کہ کیا ایم پی او آرڈرز کسی غیر قانونی احکامات کی بنیاد پر جاری کیے گئے؟ کیا ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے استعمال کیا گیا؟ اگر ایسا ہے تو مناسب اقدامات کر کے یقینی بنائیں کہ ریاست کو منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے چلایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید