• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کا مرکز کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے ڈوب گیا، ہدایت الرحمان

کوئٹہ(پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان ،حق دو تحریک کے قائد ممبر بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہےکہ گوادر ڈوب رہاہے، طوفانی بارشوں اور سیلاب نے گوادر کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے، ہر طرف تباہی ہے ،گزشتہ کئی دہائیوں سے گوادر کی ترقی کے جھوٹے دعوے کیے جارہے تھے ۔سی پیک کامرکز اور مستقبل کا دبئی چالیس سالہ لوٹ مار وکرپشن اور نااہلی کی وجہ سے بارش سے ڈوب گیا، گوادر کے عوام پریشان اورمدد کیلئے امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں ، گوادر کی ترقی کا پول بارش نے کھول کے رکھ دیا ،حکومت گوادر کو آفت زدہ قراردیکر فی الفور عوام کو بچانے ،ریلیف دینے اور ٹیکس سے استثناء دینے کیلئے عملی کام کرے۔حق دو تحریک ،جماعت اسلامی والخدمت فاؤنڈیشن کے ارکان ذمہ داران ورضاکارروزاول سے پریشان حال عوام ومتاثرین کی مدد،محفوظ مقامات تک پہنچانے ،راشن ،ٹینٹ ودیگر ضروریات فراہم کرنے میں پیش پیش ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادرمتاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین سے ملاقات میں گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے جن علاقوں میں بارش برف باری نے نقصانات کیے ہیں انہیں فی الفورامداد پہنچانا حکومت ،پی ڈی ایم اے ودیگر حکومتی اداروں کا کام ہے ۔بدقسمتی سے ہمارے حکمران اور آفت میں ریلیف ورک کرنے والے ادارے بارش وبرف باری اور آفت کو منافع کرذریعہ بناکرلوٹ مار کرکے اللہ کے عذاب وقہرکو ددعوت دے رہے ہیں ۔ بہانے نہیں اخلاص کیساتھ فوری مدد وخدمت کی ضرورت ہے۔
کوئٹہ سے مزید