سابق نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی کئی ہفتوں سے کارروائیوں کے نتیجے میں سرکاری اراضیات وا گزار کروالیں، زمینوں کو وا گزار کرانے کی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی، یہ بات غلط ہے کہ کسی سیاسی شخصیت کے گھر پہ ریڈ ہوا ہے، اس پروپیگنڈہ کی حقیقت نہیں۔
کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے مضافات میں اسپنی روڈ، مشرقی اور مغربی بائی پاس پر زمینیں واگزار کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمینوں کو واگزار کرانے کی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی، ان کا کہنا تھا کہ اسی مہم کے سلسلے میں انتظامیہ نے بزرگ سیاستدان و سربراہ پشتونخوا میپ محمود خان اچکزئی کے گھر کے سامنے پلاٹ لینڈ لارڈ کی شکایت پر واگزا کرائی۔
محمود خان اچکزئی کے گھر پر ریڈ ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مہم کے دوران سیاسی یا باثر شخصیات سمیت کہیں پر بھی شکایات ہوں گی تو ضلعی انتظامیہ وہاں بھی کارروائی کرے گی۔
بلوچستان میں اب محکمہ ریوینیو ڈیجیٹلائزڈ ہوگیا ہے، جن اراضیات کے کاغذات ٹیمپرڈ ہوئے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور اگر کوئی غیر قانونی عمارت ہے تو اس کو بھی گرایا جائے گا۔