• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو این انسانی حقوق کونسل کا اجلاس: بھارتی اقلیتوں کا احتجاج، بینرز و پوسٹرز آویزاں


اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں 55واں اجلاس جاری ہے، اس موقع پر بھارت میں رہنے والی اقلیتوں جن میں مسلمان، سکھ، عیسائی اور دلتوں نے بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل ہیڈکوارٹر کے سامنے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، یہ بینرز تین دن تک آویزاں کئے جائیں گے۔ 

اس موقع پر بھارتی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ہماری اپنی زبان، مذہب اور ثقافت ہے لیکن مودی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں رہیں۔ 

بی جے پی آر ایس ایس حکومت کا ریکارڈ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھرا پڑا ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت نے ہندو انتہا پسندوں کو اقلیتوں پر حملہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا اختیار دے رکھا ہے۔

 مساجد، گردواروں اور گرجا گھروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، بھارت کی سرکاری پالیسیاں اور اقدامات اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارت ایک انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں انتہا پسند ہندوؤں نے دوسرے مذاہب کے لوگوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے۔ 

بینرز پر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے سرکاری سرپرستی میں ہونے والے مظالم کی تصاویر اور تفصیلات درج ہیں۔ اس صورتحال کی وجہ سے بھارتی اقلیتوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ 

اقوام متحدہ کے سیشن کے دوران احتجاج کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کیوں کہ اجلاس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے انسانی حقوق کی تنظیمیں، سول سوسائٹی کے اراکین اور سفارت کار جنیوا میں موجود ہوتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید