دنیا کی معمر ترین شخصیت اسپین سے تعلق رکھنے والی ماریا برانیاس موریرا نے گذشتہ روز اپنی 117ویں سالگرہ منائی۔
موریرا نامی یہ خاتون چار مارچ 1907 کو سان فرانسیسکو میں پیدا ہوئیں اور آٹھ برس کی عمر سے اسپین کے شمال مشرقی نیم خود مختار علاقے کیٹالونیا میں رہائش پذیر ہیں جبکہ وہ اس وقت جس نرسنگ ہوم میں رہ رہی ہیں وہاں وہ گزشتہ 23 برسوں سے مقیم ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جنوری 2023 میں ماریا برانیاس موریرا کو فرانس کی خاتون لوسائل رینڈن کی 118 برس کی عمر میں موت کے بعد دنیا کا معمر ترین زندہ انسان قرار دیا تھا۔
موریرا کی نرسنگ ہوم کی ڈائریکٹر ایوا کریرا بوئیکس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ موریرا نے اپنی سالگرہ پر ملنے والے تہنیتی پیغامات کو وصول کرتے ہوئے اظہار تشکر کے ساتھ اپنی صحت کے معاملے پر بہت سارے لوگوں کی جانب سے دلچسپی لینے پر بھی خوش ہوئیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موریرا نرسنگ ہوم میں کافی متحرک رہتی ہیں اور اپنی 80 برس کی بیٹی کی مدد سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر موجود رہتی ہیں۔
پیر کو انہوں نے لکھا، دنیا کو صبح بخیر، آج میں 117 برس کی ہوگئی۔
یاد رہے کہ موریرا اس وقت تاریخ میں بارہویں تصدیق شدہ معمر ترین شخصیت ہیں اور اگر انہوں نے 118ویں سالگرہ منائی تو وہ اس رینک میں پانچویں نمبر پر آجائیں گی۔