آپ نے لہسن، ادرک، دھنیے، گول لال مرچ، پیاز اور گرم مسالے سے لگنے والے تڑکوں سے متعلق تو سن رکھا ہوگا مگر اب مارکیٹ میں سونے کے پاؤڈر سے بنا تڑکا بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔
دبئی میں موجود بھارتی شیف، رنویر برار کے ریسٹورنٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا سائٹس پر اس وقت خوب وائرل ہے جس میں وہ 24 کیرات سونے کا تڑکا دال کو لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
بھارتی شیف کے دبئی میں واقع ریسٹورنٹ نے ایک ایسی ڈش متعارف کرائی ہے جو ناصرف ذائقے کا ایک منفرد تجربہ ہوگا بلکہ اس میں تڑکے کے لیے سونے کے پاؤڈر کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس دال کو صندوق میں بند کر کے پیش کیا جائے گا اور جب یہ صندوق کھلے گا تو اس دال کو آپ کی آنکھوں کے سامنے 24 کیرات سونے کا تڑکا لگایا جائے گا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی شیف اس ڈش کا نام ‘دال کشکن‘ بتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دال کی قیمت 58 درہم (تقریباً 1,300) ہے۔
اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں انٹرنیٹ صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
کچھ انٹریٹ صارفین نے اس دال کو پیسوں کا ضیاع تو کسی نے اس دال کو ایک بار ضرور آزمانے کا تہیہ کیا ہے۔