آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےحیدر ٹینک پروجیکٹ کی رول آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا چیئرمین ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا نے استقبال کیا۔
تقریب میں چین کے سفیر، چینی کمپنی کے حکام اور پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔ آرمی چیف کو حیدر ٹینک کی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو اسلحے اور ملکی ترقی کے حصول میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریل کمپلیکس کے اندر دیگر مینوفیکچرنگ سہولتوں کا بھی دورہ کیا۔
آرمی چیف نے تکنیکی سنگ میل کی کامیابی میں افسران اور ورک فورس کے عزم کو سراہا۔
تقریب میں حکومتی افسران، ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے مختلف فوجی اور سویلین حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر ٹینک چین کی کمپنی نورینکو اور پاکستان کی مختلف صنعتوں کے اشتراک سے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر ٹینک وار فیئر فیلڈ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور متاثر کن صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حیدر ٹینک میں قابل ذکر فائر پاور اور پروٹیکشن کی خصوصیات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجیز سے تیار کردہ حیدر ٹینک پاکستانی دفاعی صنعت کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب کے دوران نئے ٹینک حیدر کی نقاب کشائی کی گئی۔