• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کشمیریوں کو فریب کارانہ سیاسی جال میں پھنسانا چاہتا ہے: علی رضا سید

چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین علی رضا سید ـــ فائل فوٹو
چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین علی رضا سید ـــ فائل فوٹو

چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین علی رضا سید کا کہنا ہے کہ مودی کشمیریوں کو اپنے فریب کارانہ سیاسی جال میں پھنسانا چاہتا ہے لیکن وہ ہرگز اس کے جال میں نہیں آئیں گے۔

علی رضا سید نے مودی کے حالیہ دورۂ کشمیر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری جانتے ہیں کہ ایک طرف جھوٹی مراعات کے ذریعے مودی حکومت کشمیریوں کو اپنے جال میں پھنسانا چاہتی ہے لیکن دوسری طرف اس نےکشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کئے ہوئے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات عشروں سے کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں اور بھارت نے ان کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اب تو 2019ء سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو مرکز کے براہ راست کنٹرول میں لے لیا ہے جس کا مقصد کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین نے کہا کہ بھارت کی سات لاکھ قابض فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ماورائے عدالت قتل عام جاری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری لاپتہ ہیں ان میں سے بہت سے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

علی رضا سید نے کہا کہ جمعرات کو مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر سری نگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر حصّوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیری عوام اپنے پیارے وطن پر بھارتی قبضے کے تسلسل کو قبول نہیں کرتے۔

اُنہوں نے سری نگر اور وادیٔ کشمیر کے دیگر اضلاع میں مودی کے دورے سے قبل بھارتی فوج اور پولیس کے کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے دوران گرفتار کیے جانے والے سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین نے کہا کہ بھارت نے بندوق کے زور پر کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں اور خاص کر مودی کے مذموم عزائم نے بھارتی فوجیوں کی بربریت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے۔

اُنہوں نے کشمیری عوام کے خلاف مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے پر سری نگر میں بھرپور مظاہرے ہوئے اور کشمیری تاجروں نے مکمل ہڑتال کی۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید