• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعد رفیق نے مجھ سے کہا کہ گرفتاری میں میرا قصور نہیں: لطیف کھوسہ

پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ—فائل فوٹو
پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ—فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ سعد رفیق نے مجھ سے کہا کہ آپ کی گرفتاری میں میرا قصور نہیں۔

لاہور میں سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کسی اور جگہ ایسا تشدد نہیں کیا گیا جو پنجاب میں کیا گیا، میں نے کہا کہ میں ایم این اے ہوں، بغیر اسپیکر کی اجازت مجھے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کہا کہ سر آئیں دفتر میں بیٹھ کر بات کرتے ہیں، جس کے بعد میں ان کے ساتھ چلا گیا، تو انہوں نے ایس ایچ او کے کمرے میں بھجوا دیا، جہاں مجھے 6 گھنٹے تک بٹھائے رکھا، انہوں نے میرے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی۔

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ سعد رفیق نے مجھے کہا کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں، مختلف تھانوں میں ہمارے بندوں پر پرچے درج کیے گئے، سلمان اکرم راجہ پر بھی سڑک بلاک کرنے کا پرچہ درج کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ سڑکیں اگر بلاک کی گئی ہیں تو آپ کیمروں کی ویڈیو دکھا دیں، کوئی سڑک بلاک نہیں کی گئی، پُرامن احتجاج تھا، ہم پر اور ہمارے کارکنوں پر لاہور میں گزشتہ روز تشدد کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا ہے کہ ہم عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے اور جب تک ہمیں ہمارا مینڈیٹ نہیں ملتا احتجاج کرتے رہیں گے، ہم دیکھیں گے کہ یہ حکومت کس طرح چلتی ہے۔

سردار لطیف کھوسہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں ان کے خلاف اغواء کا پرچہ بھی کرواؤں گا، پولیس بتائے کہ کس کے کہنے پر ہمارے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید