وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملاقات کا خلاصہ ہے کہ سیاست اپنی اپنی، ریاست سانجھی ہے۔
علی امین گنڈاپور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین کی وزیراعظم سے ملاقات کا خیر مقدم کرتا ہوں، شہباز شریف نے اُن ہی جذبات کا اظہار کیا ہے جن کا ذکر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے یہاں کیا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے یقین دلایا ہے کہ کے پی کے واجبات وفاقی حکومت ادا کرے گی، ملاقات کا خلاصہ ہے کہ سیاست اپنی اپنی، ریاست سانجھی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سحر اور افطار میں بجلی لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھایا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بجلی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں امن و ترقی کےلیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اُن قیدیوں کا بھی ذکر کیا، جن کے خلاف شواہد نہیں، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ کسی کے خلاف ناانصافی نہیں ہوگی۔