• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: ضلع کے شہید پولیس افسران اور اہلکاروں میں عید گفٹ کی تقسیم

سکھر(بیور ورپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی جانب سے سکھر ضلع میں شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کے 34خاندانوں میں 12500روپے فی خاندان نقدی اور عید کے تحائف بھجوائے گئے ۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے بتایا کہ پولیس کے جن افسران اور جوانوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا ان کو ہم سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان ومال کا تحفظ ہے، پولیس نے ہمیشہ دہشتگرد وں، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے اور اپنے فرائض کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مقابلے میں متعدد ڈاکو مارے گئے اس دوران پولیس افسران اور جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے افسران اور جوانوں پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھر پولیس نے یہ کوشش کی ہے کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر شہید پولیس افسران اور جوانوں کے خاندانوں کو بھی شامل کیا جائے اس سلسلے میں ضلع بھر میں 34شہید پولیس افسران واہلکاروں میں نقد رقم اور عید گفٹ تقسیم کئے گئے ہیں اور اس چیز کو بھی خاص طور پر مدنظر رکھا گیا ہے کہ شہید وں کے خاندانوں کو دفتر یا کسی اور مقام پر کسی تقریب میں انہیں نقدی اور گفٹ تقسیم نہ کئے جائیں بلکہ شہداء کے خاندانوں کی دہلیز پر جا کر انہیں خاموشی کے ساتھ نقدی اور عید گفٹ دیئے جائیں کیونکہ شہید پولیس افسران اور اہلکاروں پر نہ صرف پولیس فورس بلکہ پوری قوم کو فخر ہے ۔سکھر پولیس ہر عید اور خوشی کے موقع پرشہداء کے خاندانوں کو نظر انداز نہیں کرے گی، تمام خوشیوں میں شہداء کے خاندانوں کو شامل رکھا جائے گا، میری کوشش ہوگی کہ آئندہ شہداء کے خاندان کو دی جانے والی رقم میں اضافہ کیا جائے اور مزید عید گفٹ تقسیم کئے جائیں جس کے لئے میں بالا حکام سے سفارش کروں گا۔
تازہ ترین