کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فائنل کے موقع پر شدید بد نظمی کی وجہ سے شاہراہ فیصل سمیت نیشنل اسٹیڈیم آنے والی کئی سڑکیں بند کردی گئیں اور سینکڑوں ٹکٹ والے اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے سے محروم رہے اور ہزاروں لوگوں کو گھر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ٹورنامنٹ میں پہلی بار اسٹیڈیم بھر گیا لیکن بد انتظامی انتہاء کو تھی۔وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سمیت کئی وی وی آئی پیز میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئے۔پیر کی شب اسٹیڈیم کے اطراف کی تمام سٹرکیں بند کردی گئیں شارع فیصل سے اسٹیڈیم آنے والا ٹریک بند ڈالمیا اور حسن اسکوائر سے آنے والے روڈ بھی بند کردئے گئے۔ فائنل کے موقع پر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تقریبا ہاوس فل تھا۔بد انتظامی کا یہ عالم تھا کہ اسٹیڈیم کے اندر جگہ جگہ تماشائیوں نے گاڑیاں پارک کیں اورمیچ دیکھنے اندر چلے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری انہیں روک نہ سکی۔تاہم فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھے گئے۔محسن نقوی نے میچ کے دوران اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور صحافیوں سے وعدہ کیا کہ آئندہ کراچی والوں کو بہتر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔