• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کئی بار موت کو چھو کر واپس زندگی کی طرف لوٹا ہوں: فیصل قریشی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اور ورسٹائل اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کئی بار موت کو چھو کر واپس زندگی کی طرف لوٹنے کا تجربہ کیا ہے۔

حال ہی میں فیصل قریشی نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران شو میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے فیصل قریشی سے سوال کیا کہ زندگی میں کب خود کو اللہ تعالیٰ سے قریب پایا، کب ایسا لگا کہ فلاں تجربے نے زندگی بدل دی، اکثر افراد جب موت کا تجربہ کرتے ہیں تو ان کی زندگی بدل جاتی ہے کیا آپ کے ساتھ کبھی ایسا کچھ ہوا؟

میزبان کے سوال پر اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ ایک بار نہیں بلکہ تین چار بار ایسے تجربات کئے ہیں جب میں نےکلمہ پڑھ لیا تھا لیکن زندگی دینے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے اس نے ہر بار بچالیا۔

انہوں نے ان تجربات کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ایک بار میں کہیں جارہا تھا تو میری گاڑی کا ٹائر ایک موڑ پر پھٹ گیا اور اس کے بعد کیا ہوا مجھے کچھ صحیح سے یاد نہیں، میں نے کلمہ پڑھ لیا تھا کہ اب تو گیا، بس اتنا یاد ہے کہ آس پاس کے لوگوں نے آکر مجھے گاڑی سے نکالا جبکہ وہاں موجود بچے سمجھ رہے تھے کہ یہ کسی ڈرامے کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس حادثے کے وقت انہوں نے سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی تھی اس لیے زیادہ نقصان نہیں ہوا سروائیکل پر چوٹ آئی تھی۔ اگر سیٹ بیلٹ نہیں پہنتا تو شاید گاڑی کا شیشہ توڑ کر باہر جاگرتا۔

فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران بھی مختلف حادثات کا شکار ہوا جن میں ایک بار ہاتھ کی نبض کٹ گئی تھی جسے دیکھ کر ساتھی فنکارہ فرح شاہ بےہوش ہوگئی تھیں جبکہ احسن بھائی نے ہاتھ پر روئی رکھ کر خون کو بہنے سے روکا۔

ابھی فیصل قریشی اپنے تجربات بتا ہی رہے تھے کہ پروگرام میں شریک اداکار اعجاز اسلم نے بھی اس گفتگو میں حصہ ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ان دونوں نے ہی شوٹنگ کے دوران پھانسی کا تجربہ بھی کیا۔

تاہم فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ حقیقی معنوں میں ان کی زندگی اس وقت بدلی جب انہوں نے رمضان ٹرانسمیشن کی اور اس دوران دین کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید