• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت جلد ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گی: وزیرِاعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  بہت جلد ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گی اور ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والا ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔

اجلاس میں نگراں دورِ حکومت میں ایس آئی ایف سی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، آنے والے وقت میں ایس آئی ایف سی کے اہداف طے کیے گئے۔

وزیرِ اعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے اجلاس کو آگاہ کیا، معیشت کی بحالی کے لیے معاشی ٹیم کا پلان بھی ایس آئی ایف سی کے سامنے رکھا۔

اعلیٰ عسکری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

وفاقی وزراء، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ بھی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سابق نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ اور نگراں کابینہ نے بھی شرکت کی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا جبکہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، اس پلیٹ فارم کا مقصد بیرونِ ملک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے، ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے نگراں حکومت میں بھی مؤثر اور بھر پور کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا ہے۔

اجلاس میں سابق نگراں وزراء کی جانب سے ان کے دور میں کیے گئے اقدمات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید