• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز کے والد کا کردار آفر کیا گیا، میں نے ٹھکرادیا، محمود اسلم


پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینیئر اور نامور اداکار محمود اسلم نے ایک شو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں نعمان اعجاز کے والد کا کردار آفر کیا گیا تھا جو انہوں نے کرنے سے منع کردیا۔

حال ہی میں سینیئراداکار محمود اسلم نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیریئر کے علاوہ آج کل بننے والے ڈراموں کے حوالے سے بھی کھل کر گفتگو کرتے ہوئے ڈراموں کی کاسٹنگ پر اعتراضات کا اظہار کیا۔

دوران انٹرویو میزبان نادیہ خان نے اداکار سے سوال کیا کہ آپ کو کیسا لگتا ہے جب آپ کو ان اداکاروں کے والد کا کردار آفر کیا جاتا ہے جو آپ سے صرف چند برس ہی عمر میں کم ہوتے ہیں؟

میزبان کے سوال پر محمود اسلم نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں ایک پروجیکٹ میں انہیں ساتھی فنکار نعمان اعجاز کے والد کا کردار آفر کیا گیا، نعمان اعجاز مجھ سے چند برس ہی چھوٹا ہے۔

 اس کے ساتھ ہی انہوں نے نادیہ خان سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دیکھئے نادیہ یہ کیسی بات ہے، برائے مہربانی آپ اس کے خلاف اسٹینڈ لیں۔

اس پروگرام میں موجود ساتھی میزبان و اداکار اعجاز اسلم نے بھی محمود اسلم کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ مجھے بھی اس طرح کی آفرز آتی ہیں تو میں اسی صورت میں قبول کرتا ہوں اگرچہ والد کا کردار طاقتور اور متاثر کن ہو۔

اس پروگرام کی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے بھی کہا کہ مجھے بھی ایسے اداکاروں کی والدہ کے کردار کی پیشکش کی گئی جو مجھ سے چند برس ہی چھوٹے تھے لیکن میں نے بھی واضح انداز میں یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ اگر 18 برس سے بڑی عمر کے اداکار کی ماں بنائیں گے تو میں نہیں کروں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صبا فیصل نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں اداکار ہمایوں سعید اور اداکار نعمان اعجاز کی والدہ کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید