• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افطار دستر خوان، لکی مروت کی خاص ڈش’پینڈا‘


رمضان المبارک کی افطار کےلیے ہر علاقے کے دستر خوان پر خاص روایتی پکوان رکھے جاتے ہیں۔

لکی مروت میں بھی دیسی مرغ سے ایک خاص ڈش پینڈا تیار کی جاتی ہے، جس میں دیسی مرغ کا ذائقہ اور روٹی کی مہک افطار دسترخوان کی شان بڑھادیتے ہیں۔

ویسے تو ماہ صیام کے دوران افطار کرنے کےلیے دسترخوان طرح طرح کے پکوانوں سے سجایا جاتا ہے، گھروں میں خواتین دن بھر مختلف ڈشیں تیار کرتی ہیں، جنہیں شام ہوتے ہی افطار دسترخوان کی زینت بنا دیا جاتا ہے۔

لکی مروت میں ان طرح طرح کے پکوانوں میں روایتی ڈش پینڈا کا اپنا ہی مزہ ہے، جو کہ ہر گھر میں افطار دسترخوان کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے۔

ایک روزے دار کا کہنا ہے کہ پینڈا تو ہمارے علاقے کا روایتی کھانا ہے اور رمضان المبارک میں دسترخوان پر افطاری کے وقت پینڈا نا ہو تو افطار کا مزہ نہیں آتا۔

ایک اور روزے دار نے کہا کہ ہم باقی کھانے بھی شوق سے کھاتے ہیں لیکن میں یہ کہتا ہوں مروت وال پینڈا سب سے اعلیٰ کھانا ہے اور افطاری میں تو اس کا مزہ دیگر کھانوں سے بڑھ کر ہے۔

پینڈا ڈش کےلیے پہلے دیسی مرغ کا شوربہ تیار کیا جاتا ہے، جس میں خصوصی طور پر تیار کردہ بھینی خوشبو والے مصالحے جاتے ہیں ۔

اس کے لیے توے پر روٹی پکائی جاتی ہے اور پھر روٹی کے ٹکڑوں کو ایک بڑے تھال میں ڈال کر شوربے میں بھگو کر اوپر دیسی مرغ کے پیس رکھ کر پینڈا تیار کیا جاتاہے۔

دوستوں کی ٹولیاں اور خاندان کے تمام افراد تھال کے گرد بیٹھ کر پینڈا ڈش جی بھر کر کھاتے ہیں۔

رمضان المبارک کے علاوہ بھی پینڈا ڈش ہر گھر کے مینو میں شامل ہوتی ہے اور ہوٹلوں پر مہمانوں کیلئے خصوصی طور پر سرو کی جاتی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید