• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرینی عوام سے محبت نہیں، اپنے مفاد کیلئے مدد کر رہے ہیں، یورپی یونین

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ ہوزیپ بوریل کا کہنا ہے کہ مغرب یوکرین کی حمایت اس کے عوام سے محبت کی وجہ سے نہیں کر رہا ہے بلکہ اپنے مفادات کیلئے کر رہا ہے۔ امریکی ٹی وی سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے بوریل کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپی یونین یوکرین کی حمایت اپنے جیو پولیٹیکل مفادات کیلئے کر رہے ہیں۔ معروف صحافی کرسٹیان امان پور کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بوریل نے کہا کہ ماسکو حملے میں یوکرین کا ہاتھ نہیں تھا، امریکا کو چاہئے کہ وہ یوکرین کیلئے 60؍ ارب ڈالرز کا امدادی پیکیج منظور کرے۔ انہوں نے کہا کہ آپ تو جانتی ہیں کہ یوکرین کی حمایت میں امریکا کا ذاتی مفاد چھپا ہے، بصورت دیگر، ہم روس کو کھلی چھوٹ دیدیں گے، پھر تو آپ اندازہ لگائیں کہ کیا ہوگا، آپ شام کو یاد رکھیں، پھر سوچیں کہ کریمیا میں کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ روس کو یہ جنگ جیتنے دیں کیونکہ ایسا ہونے کی صورت میں امریکا اور یورپ کے مفادات کو زبردست نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی مدد کرنا بحیثیت عالمی کھلاڑی امریکا کے مفاد میں ہے، اور امریکا کو ایک قابل اعتماد پارٹنر، اتحادیوں کو تحفظ فراہم کرنے والا ملک سمجھا جانا چاہئے۔

دنیا بھر سے سے مزید