وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی سے عداوت نہیں چاہتا، امن اور خوشحالی کےلیے علاقائی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزارت خارجہ اسلام آباد میں سفیروں کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، امید ہے سلامتی کونسل کی غزہ سے متعلق قرارداد پر فوری عمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان دیگر ملکوں سے تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان بطور ذمہ دار ملک امن اور خوشحالی کیلئے علاقائی کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا آئین تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، رمضان ہم آہنگی، امن اور رواداری کا پیغام ہے، پاکستان میں ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی آزادی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔