بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے سیاستدان بنجمن باسوماتری کی نئی تصویر نے تہلکا مچا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر میں کرپشن کے الزامات کے زیر اثر سیاسی رہنما بنجمن باسوماتری ایک بستر پر 5 سو روپے کے نوٹ اوڑھ کر سو رہے ہیں۔
آسام کے ضلع اوڈالگری کے علاقے بھیراگھوری میں ولیج کونسل ڈیولپمنٹ کمیٹی (وی سی ڈی سی) کے سابق چیئرمین بنجمن باسوماتری بی جے پی کی اتحادی جماعت یونائیٹڈ پیپلز پارٹی لبرل (یو پی پی ایل) کے معطل رکن ہیں۔
لوک سبھا انتخابات سے قبل ان کی 500 روپے کے نوٹوں پر سوتے ہوئے لی گئی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنجمن باسوماتری پر وزیراعظم کی متعارف کردہ ہاؤسنگ اسکیم اور دیہی علاقوں میں روزگار سے جڑے کیس میں سنگین کرپشن کا الزام ہے۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر کئی اسکیموں سے مستفید ہونے والے غریب عوام سے رشوت وصول کی ہے۔
سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد ان کی جماعت نے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی سربراہان کا کہنا ہے کہ بنجمن باسوماتری کی پارٹی رکنیت 10 جنوری 2024 کو معطل کردی گئی تھی۔
انہوں نے مزید وضاحت دیتے کہا کہ سوشل میڈیا پر بنجمن باسوماتری کی گردشی تصویر 5 برس قبل ان کے دوستوں نے اس وقت لی تھی جب وہ پارٹی کر رہے تھے، بنجمن باسوماتری کو اس تصویر کے ذریعے بلیک میل کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تصویر میں نظر آنے والی نقد رقم بنجمن باسوماتری کی بہن کی تھی۔