صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔
آصف زرداری نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں
صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقلیتوں سمیت پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسٹرحضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کی یاد دلاتا ہے اور انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسیحی برادری کا بڑا کردار ہے، ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، آئیں ہم روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کا تہوار مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیوں کو آئین میں دیےحقوق کا تحفظ حاصل ہے، پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں مسیحی برادری کا کردار قابل تحسین ہے۔
ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر مبارک ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ میں تمام مذاہب کےلوگ آپس میں محبت کے ساتھ رہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور تعمیر میں مسیحی برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنرخیبر پختون خوا غلام علی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر محبت اور باہمی احترام کے جذبے کا نام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا صوبے کی ترقی میں اہم کردار ہے اور تمام اقلیتوں کو شخصی و مذہبی تمام حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔
غلام علی نے مزید کہا کہ روشن، بہتر اور خوش حال مستقبل کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کا اظہار ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔
وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار دنیا کو رواداری اور امن کا پیغام دیتا ہے۔