وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کے مسیحیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔
لاہور میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہماری ذمے داری ہے کہ آپ کے حقوق کا تحفظ کریں، ہمیں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے، امن، محبت اور خوش حالی کو فروغ ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ سب کے حقوق برابر ہوں گے، ہم مل جل کر اس ملک کو عظیم بنائیں گے، مسیحی برادری نے بہت عزت اور تکریم دی۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا ہے کہ میں 70 ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ بن کر قومی اسمبلی میں آیا ہوں، قیامِ پاکستان میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، مسیحی برادری نے ملکی سلامتی، بقا اور ترقی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے، ہمیں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہے، مسیحی برادری کے ساتھ مل کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔