• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کرینگے: علی امین گنڈاپور

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی کہ ہم لڑیں گے، 25 ارکان کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں، جو نہیں کرائے گئے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیاگیا، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہو گا کہ کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں؟ میں واضح طور پر کہہ رہاہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم آخری حد تک جائیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، مقابلہ کریں گے، غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، ہم کسی طور پر اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کریں گے، 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا؟ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ ہم ان غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں اٹھانے دیں گے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قرار داد پاس کریں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید