اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مؤقف سامنے آگیا۔
پی ٹی آئی نے جسٹس بابر ستار کے خلاف مہم کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر جمہوری عناصر عدلیہ کی تباہی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ریفرنسز اور الزام تراشی کی مہم کا مقصد ججز کو ہراساں اور خوفزدہ کرنا ہے، ججز کو نشانہ بنانا سپریم کورٹ پر مسلح یلغار کرنے والے مافیا کا پرانا وتیرہ ہے، مرضی کے ریفری کے ساتھ میچ کھیلنے والے مافیا کو رفیق تارڑ اور جسٹس قیوم جیسے ججز ہی بھاتے ہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ججز کو دباؤ میں لانے کیلئے اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیں۔