وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی، وفاقی وزارتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جدت اور تحقیق کےلئے خصوصی سیلز قائم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی استعداد رکھنےو الے منصوبوں کی فزیبیلٹی اسٹڈی کروائی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے پیش کیے جانے والے منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ تمام وزارتیں خلیجی ممالک سے ایم او یوز پر پیش رفت کے حوالے سے روابط میں مزید بہتری لائیں۔