• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذوالفقار علی بھٹو شہید کو 1979 کی چار اپریل کی منحوس رات میں ایک ڈکٹیٹر کی ایما پر عدالتی قتل کیا گیا، اس عدالتی فیصلے پر دنیا بھرمیں لعن طعن ہوئی دنیا بھر کے ماہرین نے اس فیصلے کو دنیا کی عدالتی تاریخ میں ایک بد نما داغ قرار دیا گو کہ پینتالیس برس بعدعدالت نے ہی اپنے دامن پر لگے اس داغ کو دھونے کی کوشش کی اور ایسا فیصلہ دیا جس سے بھٹو شہید قرار پائے اور انہیں سزا دلوانے والا ڈکٹیٹر قاتل۔ تاریخ اس بات کی بھی منتظر ہے کہ وہ بھی سرکاری طور پر قاتل قرار پائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں ۔ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کی کئی دہائیوں بعد ان کے داماد اور اس وقت کے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے 2011 میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا جس میں بھٹو کیخلاف عدالتی کارروائی پر عدالتی رائے مانگی گئی تھی جس کا فیصلہ چار مارچ کو سامنے آیا۔ریفرنس دائر ہونے کے تقریباً 13 برس بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ نے ذوالفقار علی بھٹو کیس میں ٹرائل کو غیر شفاف اور خلافِ آئین و قانون قرار دیا ہے۔قانونی ماہرین کے نزدیک سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پھانسی کے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دینا علامتی طور پر اہمیت کا حامل ہے۔

قانونی ماہرین کے نزدیک اس بات کی بہت اہمیت ہے کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے ذوالفقار علی بھٹو کو بعد از مرگ معاملے میں انصاف فراہم کیا ہے اور صرف اس بنیاد پر صرفِ نظر نہیں کیا کہ یہ 45 سال پرانی بات ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں اس بات کی نظیر پائی جاتی ہے کہ بعد از مرگ لوگوں کو انصاف دیا گیا ہے۔ اس اعتبار سے بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کی رائے تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔ اسے پاکستان میں قانون و آئین کی تاریخ اور نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ان کا کہناہے کہ وہ اس معاملے میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو بھی داد دیتے ہیں کہ انہوں نے 2011 سے زیرِ التوا اس معاملے کو چند ماہ کے اندر نمٹا کر ایک بڑی تاریخی غلطی درست کردی۔

تاریخ کا ایک سچ یہ بھی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کو 45 سال گزر جانے کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی جبکہ ضیاالحق کا نام کوئی نہیں لیتا۔ پاکستان میں جمہوریت بھٹو شہید کے لہو سے سینچی گئی ہے، بھٹو آج بھی پاکستانیوں کے دلوں کا حکمران ہے ۔پیپلز پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی ہر سال انتہائی عقیدت و احترام سے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں منائی جاتی ہے ۔پاکستان کے متفقہ آئین کی تشکیل،ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور سیاست کو خواص کے چنگل سے نکال کر عوام میں لانا، مغربی استعمار کے خلاف اسلامی ملکوں کا اتحاد، بھٹو کے وہ کارنامے ہیں جو اُنہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی پر ایک مختصر نظر ڈالتے ہیں ۔ذوالفقار علی بھٹو نے کیلی فورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی، 1963 میں وہ جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے اور بعد میں سیاسی اختلافات پر حکومت سے الگ ہوگئے۔بعدازاں ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر انہوں نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو اپنے نظریات کی بدولت ملک کی مقبول ترین جماعت بنی۔1970 کے الیکشن میں ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا تاہم انتخابات میں کامیاب ہو کر جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک دولخت ہو چکا تھا،آپ 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے جب کہ 1973 سے 1977 تک وہ منتخب وزیراعظم رہے۔

ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، بھارت سے شملہ معاہدہ کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھی اور ہزاروں مربع میل رقبہ اور جنگی قیدیوں کو بھارت سے چھڑایا۔بھٹو کے دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے کئی اقدامات کیے گئے تاہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام میں مقدمہ چلا کر 4 اپریل 1979 کو انہیں شہید کر دیا گیا۔ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ان کی سیاسی فکر کو ان کی بیٹی بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور ان کی شہادت کے بعد اب بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا کے سیاسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

شہید کی 45 برسی کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بھٹو امید کا منارہ نور تھے اور آنے والے وقتوں میں بھی وہ امید کا منارہ نور رہیں گے انہوں نے کہا کہ جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کیلئے پارٹی پرعزم رہے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے، تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیے نہ کہ گولی کے ذریعے اور یہی پارٹی کے بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کھونے کا درد صدیوں تک محسوس کرتی رہے گی، لیکن جنہوں نے اس عظیم لیڈر کی جان لی، وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔ آج پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی ایک بڑی جماعت ہے ایک صوبے میں اسکی مکمل حکومت اور دو صوبوں میں اتحادی جبکہ ملک کے صدر آصف علی زرداری ہیں، یہ قدرت کا انعام نہیں تو اور کیا ہے کہ جس جماعت کو ختم کرنے کیلئے پوری ریاستی مشینری نے زور لگا دیا وہ آج بھی اپنے عروج پر ہے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین