ججز کو خطوط ملنے کے معاملے پر پاکستان پوسٹ نے فوری اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلے میں اسٹاف کی سیفٹی اور سیکیورٹی کیلئے ماسک، دستانے مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان پوسٹ نے عملے کو پوسٹ آفس میں آنے والے لیٹرز اور دیگر میلز کو احتیاط کے ساتھ چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں ججز، ڈپلو میٹس اور دیگر ہائی پروفائل کی میلز کو خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پوسٹل اسٹاف کو میلز کی بکنگ اور ترسیل کے دوران چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ججز کو مشکوک خطوط ملنے کا سلسلہ رکا نہیں ہے، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط مل گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے اب تک 6 ججز کو مشکوک خطوط مل چکے ہیں، سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کے نام بھی خط موصول ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان سمیت 6 ججز کے نام پاؤڈر بھرے مشکوک خطوط آئے ہیں۔