• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد تفریحی مقامات پر عملے کی لوٹ مار شہریوں سے تلخ کلامی عید کا مزہ خراب

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) عید کا مزہ دوبالا کرنے کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد نے حیدرآباد کے سب سے بڑے تفریحی مقام رانی باغ سمیت لطیف آباد، سٹی اور قاسم آباد کے مختلف پارکس کا رخ کیا،  مذکورہ پارکس سمیت رانی باغ میں بھاری انٹری فیس کے باوجود سہولتیں میسر نہ تھیں، بیشتر جھولے ٹوٹے ہوئے تھے اور چڑیا گھر میں بڑے جانور نہ ہونے کے باوجود 20 روپے فی کس فیس وصول کی گئی۔ انٹری ٹکٹ اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے اضافی رقم وصول کرکے مذکورہ پارک انتظامیہ نے  شہریوںإ سےعید پر بھی لوٹ مار جاری رکھی، ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی شکایات کے باوجود کوئی عملی اقدام یا احکامات  جاری نہیں کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر  حیدرآباد کے تفریحی مقامات پر شہریوں کا جمع غفیر نظر آیا اور بیشتر شہری اپنے بچوں اور دوستوں سمیت وہاں پہنچ کر لطف اندوز ہوتے رہے، بچوں نے جھولے جھولے جبکہ مرد و خواتین نے کھانے پینے کی اشیاءکے اسٹال کا رخ کیا اور خوب مزے اڑائے دوسری جانب ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہر کے تفریحی مقامات کی انٹری فیس اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے الگ الگ سرکاری قیمتیں مقرر کی ہوئی ہیں لیکن پارک انتظامیہ نے شہریوں سے اضافی رقم وصول کرکے شہریوں کو پریشان کیا۔ اس ضمن میں معلومات کے مطابق شہر کے سب سے بڑے تفریحی مقام رانی باغ میں عید الفطر کے تینوں روز شہریوں کا بڑا رش رہا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذکورہ پارک انتظامیہ کے انٹری گیٹ پر مقرر کردہ عملے کی جانب سے داخلہ فیس 20روپے سے 30روپے وصول کرنے کی شکایات موصول ہوتی رہیں۔ واضح رہے کہ رانی باغ کی ازسر نو تزئین و آرائش سے قبل پارک میں انٹری کی کوئی فیس نہیں تھی جبکہ تزئین وآرائش کے بعد ضلع انتظامیہ نے پارک کی فیس 10 روپے مقرر کی تھی جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انتظامیہ اور ٹھیکیدار شہریوں کو لوٹ رہے ہیں اور ڈویژنل و ضلع انتظامیہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
تازہ ترین