راولپنڈی (جنگ نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) کے امیگریشن سیل نے ملتان ایئرپورٹ پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 16کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر کے سامان سے 16کلو سونا برآمد کر لیا گیا، جس میں سونے کی مختلف وزن کی 10اینٹیں شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد تنویر دبئی جا رہا تھا، ملزم نے امیگریشن کلیئرنس کے لیے اپنا پاسپورٹ کاؤنٹر پر پیش کیا، وہ دوران امیگریشن پوچھے گئے سوالات پر حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بار بار سفر کرنے پر ملزم کے سامان کو چیکنگ کے لیے منگوایا گیا، دوران تلاشی ملزم کے سامان سے 16کلو گرام سونا برآمد کر لیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم کا سامان تمام متعلقہ اداروں سے کلیئر ہونے کے بعد چیک کیا گیا، ملزم نے بیگ کے خفیہ خانوں میں سامان چھپایا ہوا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔