وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئےگئے۔
مدینہ منورہ کے گورنر نے وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا، وزیراعظم شہباز شریف آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے۔
وزیراعظم آج رات مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں نماز ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کمرشل فلائیٹ کے ذریعے سعودی عرب پہنچے، شہباز شریف دوران پرواز مسافروں سے گھل مل گئے، پرواز میں موجود دیگر مسافروں نے وزیراعظم کے ہمراہ سیلفیاں بنائیں۔
شہباز شریف پرواز میں موجود بچوں اور بچیوں سے ملے، خیریت دریافت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب وزیر اعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
وفاقی وزراء عبدالعلیم خان، عطاءاللّٰہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیر اعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم عمرے کی ادائیگی اور روضۂ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔
وزیرِ اعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سرمایہ کاری کے لیے مراعات پر بریفنگ دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف کا بیرون ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کریں گے۔