جنگلی بکروں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کی کوشش میں لگے ایک اطالوی جزیرے کے میئر نے دلچسپ پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ اس شخص کو مفت بکرے دیے جائیں گے جو انہیں پکڑے گا۔
سسلی کے ایولین جزیرے میں ایلیکوڈی کے میئر ریکارڈو گولو نے ایک "بکری کو اپنانے" کا پروگرام اس وقت متعارف کروایا جب اس جزیرے کی جنگلی بکریوں کی آبادی انسانی آبادی سے چھ گنا تک بڑھ گئی۔
گولو نے کہا کہ جو بھی مقامی حکومت کو درخواست ای میل کرتا ہے اور 17 ڈالر کی "اسٹامپ فیس" ادا کرتا ہے، وہ جتنے مرضی بکرے لے سکتا ہے، جبکہ وہ اجازت کے بعد انہیں جزیرے سے باہر بھی لے جاسکتا ہے۔
اس نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ "کوئی بھی بکرے بکری کے لیے درخواست کر سکتا ہے، اس کے لیے کاشتکار ہونا ضروری نہیں اور تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔"
انکا کہنا تھا کہ یہ اسکیم فی الحال 10 اپریل تک دستیاب ہے، لیکن وہ اس وقت تک توسیع کریں گے جب تک بکری بکروں کی آبادی واپس قابلِ انتظام تعداد تک نہیں آجاتی۔
جزیرے کے بکریوں کے ریوڑ کی ابتداء تقریباً 20 سال قبل ہوئی تھی، جب انہیں مبینہ طور پر کوئی ایسا شخص ایلیکوڈی لایا تھا جو ان کی افزائش کا ارادہ رکھتا تھا، لیکن وہ آوارہ بھٹکتے رہے اور جنگلی بن گئے۔
بکرے بکریاں جزیرے کے لیے سیاحوں کی ایک بڑی توجہ تو بن گئے ہیں لیکن آبادی میں اضافے کی وجہ سے جانور اپنے معمول کے مسکن سے باہر پھیل کر باغات اور گھروں پر حملہ کرنے لگے ہیں۔